اولی پوپ بھارتی بولرز کے لیے درد سر بن گئے!

انگلش بیٹر اولی پاپ ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے حیدرآباد ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھارتی بولرز کے لیے درد سر بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 190 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد انگلش ٹیم کے لیے کافی مشکلات کھڑی ہوگئی تھیں۔ آثار نظر آرہے تھے کہ شاید ٹیسٹ تیسرے یا چوتھے روز ہی اختتام پذیر ہوجائے۔

تاہم ون ڈاؤن بیٹر اولی پاپ نے مرد آہن کا کردار ادا کرتے ہوئے 208 بالز پر 148 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں واپس لے آئے ہیں، ان کی اننگز میں 17 چوکے بھی شامل ہیں۔

بھارتی بولرز اپنی سرتوڑ کوشش کے باوجود اولی کی وکٹ لینے میں ناکام رہے ہیں اور وہ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ہیں۔ ان کا ساتھ دینے کے لیے کریز پر ریحان احمد 16 رنز بنا کر موجود ہیں۔

انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنالیے ہیں اور اسے میزبان بھارت کے خلاف 126 رنز کی اہم برتری حاصل ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 246 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں بھارت نے 436 رنز اسکور کیے تھے۔