اسرائیل کا حامی جرمنی بھی فلسطینیوں کی بےدخلی کا مخالف

غزہ جنگ میں اسرائیل کے حامی ملک جرمنی نے بھی انتہاپسند اسرائیلی پالیسیوں کی مذمت کر دی۔

جرمنی نے جنگ کے بعد غزہ میں اسرائیلی آباد کاری کے منصوبوں کی مذمت کی ہے۔ جرمنی نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسلی صفائی اور یہودی بستیوں کے قیام کو فروغ دینے کے لیے اسرائیلی وزراء اور انتہائی دائیں بازو کے گروپوں کی کانفرنس کی مذمت کی۔

جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان سیباسٹین فشر نے کہا کہ یروشلم میں ہونے والے اجتماع میں ایک درجن سے زائد حکومتی وزراء کی شرکت اور تقریریں ناقابل قبول تھیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ سے فلسطینی آبادی کو بے دخل کرنے اور وہاں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر نو کے لیے اس طرح کے اقدامات بالکل ناقابل قبول ہیں وہ موجودہ تنازعہ کی صورت حال کو خراب کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں، اور واضح طور پر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم، ممکنہ طور پر سخت ترین الفاظ میں، اس آباد کاری کانفرنس میں اسرائیلی حکومت کے کچھ حصوں کی شرکت کی مذمت کرتے ہیں اور وہاں دیے گئے بیانات کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔