کوہلی نے دورہ بھارت کے دوران مجھ پر تھوکا تھا! ڈین ایلگر کا انکشاف

جنوبی افریقہ کے سابق بیٹر ڈین ایلگر نے انکشاف کیا ہے کہ ویرات کوہلی نے پہلی بار دورہ بھارت کے دوران ان پر تھوک دیا تھا۔

حال ہی میں بھارت کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے بیٹر کے مطابق جب کوہلی نے ان پر تھوکا تو انھوں نے بھی کرارا جواب دیا۔ سابق اوپننگ بلے باز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اس وقت کے بھارتی کپتان کو اپنے بلے سے مارنے کی دھمکی دی۔

ڈین ایلگر نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں میرا پہلی بار کوہلی سے سامنا ہوا، وہاں کی وکٹیں مذاق تھیں، اس طرح کی سطح پر کھیلنا مشکل تھا۔

انھوں نے کہا کہ جب میں بیٹنگ کے لیے کریز پر آیا تو ایشون اور جڈیجا کو کھیلنے میں مجھے مشکلات پیش آرہی تھیں اس دوران کوہلی نے مجھ پر تھوک دیا۔

سابق بیٹر نے دی بوائز پوڈ کاسٹ کے میزبان کو بتایا کہ میں نے ویرات کوہلی سے کہا کہ اگر تم ایسا کرتے رہے تو میں تمہیں اس بلے سے ماروں گا۔

انھوں نے کہا کہ کیونکہ ڈی ویلیئرز آر سی بی فرنچائز میں اس کے ساتھی تھے اس لیے وہ ہمیں کافی سمجھ گئے تھے۔ تاہم میں نے اسے کہا کہ اگر تم ایسا کرتے ہوت تو میں اس میدان میں تمہیں ماروں گا۔

سابق جنوبی افریقی بیٹر نے کہا کہ بہرحال جب آپ بھارت میں کھیلتے ہیں تو آپ کو تھوڑا سا محتاط رہنا ہوتا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈین ایلگر 2015 میں اس وقت پہلی بار کسی ایشیائی ملک کے دورے پر ٹیسٹ میچز کھیلنے آئے تھے۔ اسی سال ویرات بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کُل وقتی کپتان بنے تھے۔