بلاول بھٹو کا بانی پی ٹی آئی کو مشورہ

بلاول بھٹو

لاہور : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بانی پی ٹی آئی کو معافی مانگنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پرانی سیاست چھوڑیں، جمہوری سیاست کریں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مقامی ڈیجیٹل ٹی وی کو انٹرویو میں کہا بانی پی ٹی آئی مان جائیں آپ غلط تھے، پہلے غلطیاں تسلیم کریں اورجنہیں چورکہا ہے ان سےمعافی مانگیں۔

بلاول بھٹو نے بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پرانی سیاست چھوڑیں، جمہوری سیاست کریں، جیل سے باہر آکر اگر پرانی سیاست ہی کرنی ہے تو یہ پاکستانی عوام کے ساتھ بڑا دھوکا ہوگا۔

یاد رہے چند روز قبل بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ جو کہتا تھا سب کو جیل میں ڈالوں گا اب خود جیل میں پڑا ہے، کہتا تھا این آر او نہیں دوں گا اب کہتا ہے سب سے بات کرنے کو تیار ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان کو سمجھاتے رہے کہ ایسے نہ کرو مرد کو گرفتار کرو لیکن عورتوں کے پیچھے نہ پڑو، ان کو کہتے رہے آپ ہر کسی پر چور چور کا الزام لگاتے ہو ایک دن آپ پر بھی یہ الزام لگ جائے گا۔