مچھ میں ’را‘ سے جڑے 7 دہشتگرد ہلاک، صورتحال قابو میں ہے، جان اچکزئی

سکیورٹی فورسز کا لکی مروت میں آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک اور 2 زخمی

کوئٹہ: نگراں وزیر اطلاعات و نشریات بلوچستان جان اچکزئی نے مچھ آپریشن میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے جڑے 7 دہشتگردوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جان اچکزئی نے مچھ آپریشن کی تازہ ترین تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ’را‘ آپریٹڈ 7 دہشتگرد مارے گئے۔

جان اچکزئی نے کہا کہ مچھ میں حتمی  کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ علاقے میں صورتحال قابو میں ہے، دہشتگردوں کے ہینڈلرز نے ان کے مارے جانے کی تصدیق کر دی۔

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انڈین میڈیا اور سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے باوجود ناپاک منصوبہ ناکام ہوا۔

گزشتہ روز مچھ میں ہونے والے دہشتگرد حملے میں ’را‘ سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق انکشافات سامنے ٓئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری بھارتی اسپانسرڈ کالعدم تنظیم بی ایل اے نے فوری قبول کی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ پسپا کیا۔

جب مچھ حملہ جاری تھا تو را سے جڑے اکاؤنٹس نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا شروع کیا۔ ان اکاؤنٹس نے سب سے پہلے حملے کی خبر جاری کی۔ یہ واضح ثبوت ہے کہ ان بھارتی اکاؤنٹس کے پاس حملے کی اطلاع پہلے سے تھی۔

ان اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان میں بدامنی اور انتشار پھیلا رہا ہے۔ چند دن قبل پاکستان نے شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی قاتلوں کو بھی بے نقاب کیا تھا۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستانی شہریوں کے قتل پر خوشیاں منا رہے تھے۔

شاہد لطیف اور محمد ریاض کے قتل میں بھارتی دہشتگرد اشوک کمار اور یوگیش کمار ملوث تھے اور حیرانی کی بات ہے کہ پاکستانی شہریوں کو قتل کرنے کی اسی دن را سے جڑے اکاؤنٹس نے تصدیق کی۔

گزشتہ سال سکھ رہنما ہر دیپ سنگھ نجر کا کینیڈا میں قتل بھی اسی سلسلےکی کڑی ہے۔ بھارت نے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں معصوم لوگوں کو قتل کیا۔