سشمیتا سین نے شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

سشمیتا سین

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سابق مس یونیورس سشمیتا سین نے دیرینہ دوست روہمن شول سے شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں اداکارہ سشمیتا سین نے کہا کہ ’پوری دنیا اور میرے مداح چاہتے ہیں کہ مجھے شادی کرلینی چاہیے خاص طور پر عمر کے اس حصے میں تو مجھے جیون ساتھی کا انتخاب کرلینا چاہیے لیکن میں ان سب باتوں کو بالکل اہمیت نہیں دیتی۔‘

انہوں نے کہا کہ میں یہ بات اس لیے کہہ رہی ہوں کیونکہ میں شادی جیسے محبت بھرے رشتے کا احترام کرتی ہوں، خوش قسمتی سے میں کچھ ایسے ناقابل یقین لوگوں کو جانتی ہوں جن کا شمار کامیاب شادی شدہ لوگوں میں ہوتا ہے لیکن مجھے سب سے زیادہ یقین دوستی کے رشتے پر ہے۔

سشمیتا سین نے کہا کہ اگر مجھے لگا کہ کوئی ایسا ہے جس سے میری اتنی اچھی دوستی ہے کہ ہم زندگی بھر ساتھ رہ سکیں تو میں ضرور شادی کے بارے میں سوچوں گی، عزت اور دوستی زیادہ اہم ہے، اس کے علاوہ آزادی بھی بہت ضروری ہے، اسی لیے مجھے اپنی آزادی اور اپنے کام کی فکر ہے اور میں انہیں اہمیت دیتی ہوں۔

واضح رہے کہ سشمیتا سین اور روہمن نے 2018 میں ڈیٹنگ شروع کی تھی، بعدازاں 2021 میں انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے اپنے بریک اپ کا اعلان کیا تاہم اب بریک اپ کے تین سال بعد دونوں کو اکثر ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔