آپریشن تھیٹر میں شادی کے فوٹو شوٹ کی ویڈیو وائرل

آپریشن تھیٹر میں شادی کے فوٹو شوٹ کی ویڈیو وائرل

بھارت کی ریاست کرناٹک کے سرکاری اسپتال میں شادی کیلیے کروائے گئے فوٹو شوٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر اور ان کی منگیتر نے سرکاری اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں شادی کیلیے فوٹو شوٹ کروایا جس پر انتظامیہ حرکت میں آئی۔

کرناٹک حکومت نے ڈاکٹر کو فوری معطل کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا۔ ڈاکٹر کی شناخت ابھیشیک کے نام سے ہوئی جو ایک کنٹریکٹ فزیشن ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ابھیشیک تھیٹر میں مریض کا آپریشن کر رہے ہیں جبکہ ان کی منگیتر معاونت فراہم کر رہی ہیں۔ اس موقع پر کیمرہ مین و دیگر عملہ موجود ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے پر وزارت صحت نے ڈاکٹر ابھیشیک کو عہدے سے معطل کیا۔ حکومت نے کہا کہ سرکاری اسپتال ذاتی کاموں کیلیے نہیں بلکہ لوگوں کے علاج معالجے کیلیے ہوتے ہیں۔

وزیر صحت دنیش راؤ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے متعلقہ ڈاکٹروں اور عملے کو ہدایت کی سرکاری اسپتالوں میں اس طرح کی حرکتوں کی کوئی گنجائش نہیں۔

دنیش راؤ نے کہا کہ ڈاکٹر اور عملے کو اپنے فرائض کی انجام دہی پر توجہ دینی چاہیے۔