پی پی آزاد ارکان کو ساتھ لے گی، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کو نہیں، خورشید شاہ

پی پی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی پی آزاد ارکان کو اپنے ساتھ ملائے گی لیکن پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کو نہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے آزاد ارکان کی خرید وفروخت سے انارکی پھیلے گی۔ پی ٹی آئی کی نشستیں کسی ممبر کی نہیں عوام کی ہیں، اس لیے پاکستان تحریک انصاف کے آزاد ارکان کو نہ خریدا جائے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ضروری ہے کہ جس کو مینڈیٹ ملا ہے اسے تسلیم کرنا چاہیے اور دوسرے کے مینڈیٹ میں ہاتھ نہ ڈالا جائے۔ پیپلز پارٹی کسی کا مینڈیٹ چھین کر اپنا مینڈیٹ نہیں بڑھانا چاہتی۔ ہم آزاد ارکان کو اپنے ساتھ ملائیں گے لیکن پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کو نہیں لیں گے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف الیکشن ہارے ہوئے ہیں اور ان کا اخلاقی طور پر وزیراعظم بننا ٹھیک نہیں ہو گا۔ ن لیگ لوگوں کے جذبات سے نہ کھیلے۔

خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ انتخابی معاملات پر فوری فیصلوں کی ضرورت ہے۔ فارم 45 کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں، عدالتیں 15 دن کے اندر انتخابی عذر داریوں پر فیصلے کریں۔ تمام پارٹیوں کو بیٹھ کر بات کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔