کراچی : شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 3افراد جاں بحق اور خاتون سمیت 2افراد زخمی ہوگئے۔رینجرز اور پولیس نے مختلف کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں سمیت ایک درجن سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق سخی حسن کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کا کارکن محمد سعیدجاں بحق اور ایک کارکنان بھی زخمی ہوا۔
ترجمان اہلسنت و الجماعت کے مطابق جاں بحق ہونے والے سعید ان کے مقامی رہنما تھے فائرنگ سے زخمی ہونے والے ساجد کا تعلق بھی اہلسنت و الجماعت سے تھا، ملیر میمن گوٹھ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے عمیر داد نامی شخص کو قتل کردیا۔شاہ فیصل کے علاقے عظیم پورہ میں بھی مسلح ڈاکووں نے ڈکیتی مذاحمت پر فائرنگ کرکے منیر خان نامی شخص کو شدید زخمی کردیا جس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا۔
ملیر بن قاسم موڑ پر ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے خاتون سمیت 2افراد زخمی ہوگئے۔اورنگی ٹاون میں بھتہ نہ دینے پر نامعلوم ملزمان کپڑے کے تاجر کے گھر پر دستی بم سے حملہ کرکے فرار ہوگئے تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اورنگی کی کنواری کالونی میں رینجرز نے چھاپہ مار کر 3دہشت گردوں کر گرفتار کرلیا ۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔لانڈھی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق زیرحراست افراد مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث ہیں جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
نارتھ ناظم آباد اور حسین آباد میں رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائی،تین ملزمان کوگرفتارکرلیا،ترجمان رینجرزکے مطابق گرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور دیگرسنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں،ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔