کراچی: فیڈرل بی ایریا میں تیزدھارآلے سے قتل ہونے والے ننھے آبان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ، ڈاکٹرز کے مطابق ابان مظہر کی موت شہہ رگ کٹنے سے ہوئی۔
کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک16میں ننھے آبان کے لزرہ خیز قتل کے واقعے کی تحقیقات جاری ہے، تیزدھار آلے سے قتل ہونے والے ننھے ابان کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا، اہلخانہ نے بتایا کہ ڈاکٹرزکےمطابق ابان مظہرکی موت شہہ رگ کٹنے سے ہوئی ہے تاہم بچے سے زیادتی کے کوئی شواہدنہیں ملے۔
اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کوگرفتارکرکےہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
گذشتہ روز کراچی میں نامعلوم افراد نے سات سال کے بچے کو گلا کاٹ کر سڑک پرپھینک دیا تھا۔
پولیس نے بتایا نامعلوم افرادآبان کو شدید زخمی حالت میں کارڈیواسپتال کے پیچھے جھاڑیوں میں پھینک کر فرارہوگئے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچہ شدیدزخمی حالت میں اسپتال کے احاطے سے ملا تھا اور اسپتال منتقلی کے دوران بچہ راستے میں ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ عینی شاہد نے بتایا تھا کہ قریب موجود لوگوں نے بچے کے زخم پر کپڑا باندھ کر بچانے کی کوشش کی تھی۔
آبان کے گھر والوں کا کہنا ہے کسی سے کوئی دشمنی نہیں، پولیس آبان کےقاتل ڈھونڈے، آبان دوسری جماعت کا طالبعلم اور تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔
ورثا کے مطابق بچہ واقعے سے دو گھنٹے قبل ہی گھر سے چیز لینے کے لیے نکلا تھا۔