انڈر19 کپتان سعد بیگ کراچی کنگز کی جانب سے جگمگانے کے لیے تیار

کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان انڈر19 کے کپتان سعد بیگ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انڈر19 ورلڈکپ میں اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے قومی جونیئر ٹیم کپتان سعد بیگ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں اپنے آبائی شہر کی فرنچائز سے کھیلتے نظر آئیں گے۔

سعد کی پیدائش کراچی کی ہے اور وہ اس شہر کی گلیوں میں ہی کرکٹ کھیلتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے پاکستان کو آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل میں پہنچایا تھا۔

پچھلے سال ان کی قیادت میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کو اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بھی پہنچنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

کراچی کنگز کی جانب سے منتخب کیے جانے پر سعد کا کہنا ہے کہ کسی بھی نو جو ان کے لیے یہ لیگ کھیلنا ایسا ہی ہے جیسے کوئی خواب پورا ہوگیا ہو۔

نوجوان کرکٹر نے کہا کہ کراچی کنگز کی جانب سے منتخب ہونے کو اپنے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھتا ہوں، اس لیے یہ میرے لیے بہت بڑا لمحہ تھا۔ میں ایک بہت ہی تجربہ کار ڈریسنگ روم کا حصہ بنوں گا اور اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی کوشش کروں گا۔

سعد بیگ نے کہا کہ میں شعیب ملک اور کیرون پولارڈ جیسے سینئرز سے کرکٹ کے بارے میں مزید جاننے کی کوشش کروں گا۔

دونوں کرکٹرز نے دنیا بھر میں بہت ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلی ہے اس لیے ان سے سیکھنا میرے مستقبل کے لیے بھی سود مند ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز نئے کوچ اور کپتان کے ساتھ پی ایس ایل میں پر اعتماد انداز کے ساتھ آغاز کرنے جارہی ہے ٹیم میں مقامی ٹیلنٹ کے ساتھ ساتھ عالمی اسٹار پلیئرز بھی جادو جگانے کے لے تیار ہیں۔

کراچی کنگز اپنی مہم کا آغاز 18 فروری سے ملتان سلطانز کے خلاف کریگے، دنوں ٹیموں کے مابیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ شیڈول ہے۔

کراچی کنگز ویسٹ انڈیز کے سپر اسٹار کیرون پولارڈ، آسٹریلیا کے ڈینیئل سامس، تجربہ کار شعیب ملک، میر حمزہ اور انور علی جیسے پلیئر بھی موجود ہیں۔