ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے شدید ناقد اور اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی جیل میں اچانک انتقال کر گئے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جیل حکام نے بتایا کہ الیکسی چہل قدمی کے دوران گر کر بے ہوش ہوگئے تھے، معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔
الیکسی ناوالنی کی موت کی وجہ کا تعین کیا جا رہا ہے، 2010 سے الیکسی ناوالنی بڑے پیمانے پر حکومت مخالف ریلیوں میں پیش پیش رہے۔
2020 میں ناوالنی کو سائبیریا میں انتہائی طاقتور زہر دیا گیا تھا جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں علاج کیلیے جرمنی لے جانا پڑا تھا۔ 2021 سے وہ فراڈ اور توہین عدالت کے الزام میں 19 سال کی سزا کاٹ رہے تھے۔
کریملن کے ترجمان نے بتایا کہ روسی صدر پیوٹن کو الیکسی ناوالنی کی موت سے آگاہ کر دیا گیا۔ پیوٹن کو ایک ٹیلی ویژن کلپ پر دکھایا گیا جو یورال میں ایک فیکٹری کا دورہ کر رہے ہیں۔
الیکسی ناوالنی کے حامیوں نے کہا کہ وہ اپنے رہنما کی موت کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکے لیکن انہیں ضرور قتل کیا گیا ہوگا۔