سستے آئی فون کے نام پر بڑا گھپلا، کروڑوں روپے ڈوب گئے

ایران میں شہریوں کو سستے آئی فون کے نام پر کروڑوں روپے کا چونا لگا دیا گیا۔

الجزیرہ کے مطابق ایران میں پابندی کے شکار آئی فونز کو سستے داموں فراہم کرنے کا جھانسا دینے والی کمپنی پکڑی گئی۔

حکومتی سطح پر پابندی کے باوجود شہریوں کو آئی فون کے نئے ماڈلز کی فراہمی کا وعدہ کر کے لاکھوں ڈالر حاصل کر لیے گئے۔ اس فراڈ کے ذریعے شہریوں کو آئی فون نہ مل سکے اور وہ بھاری رقم سے بھی محروم ہو گئے۔

 شکایات سامنے آنے کے بعد حکام نے کارروائی کرتے ہوئے فراڈ کمپنی کا پتہ لگا کر گرفتاریاں شروع کر دیں۔

اقتصادی جرائم کی ذمہ داری سونپے گئے ایرانی قانون نافذ کرنے والے ایک ڈویژن نے بتایا کہ کوروش کمپنی نامی فرم کے معاملے کا مرکزی ملزم ملک سے فرار ہو گیا تھا تاہم کمپنی کے ایک "اہم رکن” کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دو مزید مطلوب ہیں۔

مقدمہ کے مرکزی ملزم کے تمام اثاثے ضبط کر لیے گئے ہیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اثاثوں کی مالیت کتنی ہے۔

پچھلے سال سے، ایران نے امریکی ٹیک کمپنی ایپل کے بنائے گئے تمام نئے آئی فون ماڈلز کی باضابطہ رجسٹریشن پر پابندی لگا دی تھی۔ اس پابندی میں اس سال توسیع کی گئی تھی جس سے آئی فون 15 کے تمام ماڈلز متاثر ہوئے تھے۔

ایران میں درآمد کیے جانے والے تمام فون داخلے کے وقت رجسٹرڈ ہونے چاہئیں چاہے وہ سیاحوں کے ہوں ورنہ انہیں ممنوعہ سمجھا جاتا ہے اور کسی بھی مقامی سم کارڈ پر صرف ایک ماہ کے لیے نیٹ ورک کوریج ہوتی ہے۔

تمام نئے آئی فون 14 اور 15 ہینڈ سیٹس ایران میں اسمگل کیے جا رہے ہیں اور دارالحکومت تہران اور ملک بھر کی دکانوں میں آسانی سے مل سکتے ہیں لیکن اس پابندی سے افراتفری پھیل گئی ہے۔

لوگوں نے جعل سازی کے طریقوں سے پابندی کو روکنے کے لیے عارضی حل تلاش کر لیے ہیں لیکن فون کچھ دیر بعد بھی منقطع ہو سکتے ہیں۔