بھارت کی ریاست تلنگانہ میں گٹر کے ڈھکن چوری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گن پارک میں ہیروز کے مجسمے کے سامنے سے ملزمان تین گٹر کے ڈھکن چوری کر کے فرار ہوگئے۔ ایک ڈھکن کا وزن 30 کلو گرام ہے۔
چوری کی واردات کے بعد جی ایچ ایم سی کے حکام نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ سیف آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس متعلق معلومات جمع کیں۔ اس سلسلے میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
واردات سے مقامی افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی کیونکہ علاقے میں بیک وقت بہت سی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اور گٹر پر ڈھکن نہ ہونے کے باعث ناخوشگوار واقعہ بھی پیش آ سکتا ہے۔
پولیس نے علاقہ مکینوں کو یقین دہائی کروائی کہ جلد ہی ملزمان قانون کی گرفت میں آ جائیں گے۔ علاقہ مکینوں نے عارضی طور پر کھلے مین ہولز کے آگے رکاوٹیں کھڑی کر دیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہ جا سکے۔