ممبئی: بالی وڈ کی نامور اداکار جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں شادی کے پانچ سال بعد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
یہ دعویٰ بھارتی میڈیا کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا گیا کہ دپیکا پڈوکون حمل کا آدھا دورانیہ گزار چکی ہیں۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے 6 سال تعلقات میں رہنے کے بعد 14 نومبر 2018 کو اٹلی کے لیک کومو میں شادی کی تھی۔
جوڑے کی پہلی ملاقات نامور فلم ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی رومانوی فلم ’گولیوں کی راسلیلا رام لیلا‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ بعدازاں، انہوں نے ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
پچھلے سال نومبر میں رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے بیلجیم میں اپنی شادی کی پانچویں سالگرہ منائی تھی۔
گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں دپیکا پڈوکون سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ ماں بننے کی منتظر ہیں؟ اس کے جواب میں اداکارہ نے کہا تھا کہ بالکل ہوں، رنویر اور میں بچوں سے پیار کرتے ہیں، ہم اس دن کے منتظر ہیں جب ہم اپنا خاندان شروع کریں گے۔
بالی وڈ اداکارہ کو حال ہی میں ایکشن تھرلر فلم ’فائٹر‘ میں ہریتک روشن کے ساتھ دیکھا گیا۔ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں انیل کپور، کرن سنگھ گروور اور اکشے اوبرائے نے بھی اہم کردار ادا کیے۔
دپیکا پڈوکوں آئندہ سائنس فائی ایکشن تھرلر فلم ’کالکی 2898 AD‘ میں ساؤتھ انڈیا اداکار پربھاس کے ساتھ نظر آئیں گی۔ ناگ اشون کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں امیتابھ بچن بھی ہیں اور یہ 9 مئی 2024 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔