قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان پر برس پڑے۔
پی ایس ایل 9 میں گزشتہ روز ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کی تاہم سلطانز کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور 144 رنز ہی اسکور کر سکی جو ملتان سلطانز نے ایک گیند قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔
شاداب خان میچ میں تاخیر سے بیٹنگ کرنے آئے اور صرف 11 رنز بنا کر عباس آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔
اے اسپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ کپتان صرف بیٹنگ یا بولنگ نہیں کرتا فیلڈ میں اس کی کارکردگی سے بھی میچ جیتا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاداب خان کا برا دن تھا، بیٹنگ کے لیے وہ خود نہ آئے اور انہیں لگا کہ بیٹسمین کو جانا چاہیے ہم سمجھتے ہیں کہ وہ ایک مستقل بیٹر ہیں۔
محمد حفیظ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جب آپ کا دل کرے گا تو بیٹنگ کرلیں گے جب دل کرے گا تو پیچھے کے نمبروں پر چلے جائیں گے۔
انہوں نے سلمان آغا کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سلمان آغا نے مشکل وکٹ پر بھی کارکردگی دکھائی اگر شاداب آجاتے تو یہ رنز بڑھ سکتے تھے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ شاداب نے بولنگ بھی اچھی نہیں کی، انہوں نے بطور کپتان بہت خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا دوسری جانب اچھے فیصلے لینے سے محمد رضوان کامیاب کپتان ثابت ہوئے۔