شادی کی تقریب سے واپسی پر وین کو حادثہ، 6 افراد جاں بحق

پنجاب کی تحصیل دنیا پور میں شادی کی تقریب سے واپسی پر ہائی ایس وین کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق، 16 شدید زخمی ہو گئے۔

اے آر وائی نیوز پنجاب کی تحصیل دنیا پور کے نواحی علاقے کے قریب شادی کی تقریب سے واپسی پر ہائی ایس وین سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 16 شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ لاشوں اور شدید زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں تین خواتین، دو مرد اور ایک بچی شامل ہے۔ ان میں سے پانچ نے حادثے کے موقع پر ہی دم توڑ دیا تھا جب کہ ایک خاتون اسپتال میں دوران علاج چل بسی۔

ریسکیو حکام کے مطابق شدید زخمیوں میں 9 خواتین، 4 مرد اور تین بچے شامل ہیں جن میں سے 6 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او لودھراں، ڈی ایس پی دنیا پور اور اسسٹنٹ کمشنر بھی اسپتال پہنچ گئے اور تمام زخمیوں کے علاج کے لیے تمام تر سہولتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔