سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ آج ہوگا

سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ

اسلام آباد: سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے خلاف توہین الیکشن کمیشن یا قانونی کارروائی کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کےالزامات پر الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ تیارکرلی ہے۔

ٹیم کی رپورٹ میں ڈی آراوز اور آراوز کے بیانات شامل ہیں جبکہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا بیان بھی رپورٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اہم اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں چاروں ممبران،سیکرٹری الیکشن کمیشن اورڈی جی لاء شریک ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیم رپورٹ کمیشن میں پیش کرے گی، رپورٹ کی روشنی میں سابق کمشنرراولپنڈی کیخلاف کارروائی کا جائزہ لیا جائے گا۔

سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے خلاف توہین الیکشن کمیشن یا قانونی کارروائی کا فیصلہ بھی اسی اجلاس میں ہوگا۔

یاد رہے گذشتہ روز الیکشن میں دھاندلی کاالزام لگانے والے سابق کمشنر راولپنڈی نے معافی مانگی تھی، لیاقت چٹھہ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کے بہکانے پر غلط بیانی کی، الیکشن دھاندلی زدہ ثابت کرنے کے منصوبے پر کام کرنے کا کہا گیا تھا، ذمہ داری قبول کرتے ہوئے حکام کے آگے سرنڈر کرتا ہوں۔