کراچی : جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے دھرنے کے باعث کراچی کو اندرون سندھ سے ملانےوالی دونو ں اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جی ڈی اے، جے یو آئی ، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی کال پر شارع فیصل پر احتجاج کیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہے۔
ٹھٹھہ سے کراچی آنے والے جے یو آئی قافلوں کوسسی ٹول پلازہ پرروک دیاگیا، جس کےبعد جے یو آئی کے کارکنوں نے دھرنا دے دیا جس کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہے۔
جے یوآئی کے راشد محمودسومرو کے قافلے کو موٹر وے ٹول پلازہ پر روکا گیا، جس کے بعد یہاں بھی دھرنے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور کراچی کو اندرون سندھ سے ملانے والی دونو ں اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہوگئی۔
علامہ راشد سومرو کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی پر دھرنا دینا چاہتے ہیں ، پُرامن احتجاج ہمارا آئینی حق ہے جوچھینا جارہا ہے،آئی جی بتائیں کس قانون کے تحت شہر میں داخل ہونے نہیں دیا جارہا ہے۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی کی طرف جانے والی تمام شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر عارضی طور پر بند کر رکھا ہے اور سندھ اسمبلی اور ریڈ زون میں ایک ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جبکہ ہنگامہ آرائی سے بچنے کیلئےواٹر کینن بھی موجود ہیں۔
ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی کا کہنا ہے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیےہیں،ریڈ زون میں دفعہ ایک و چوالیس نافذ ہے، کسی بھی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں۔