وزیراعلیٰ سندھ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل شروع ہو گیا ہے پی پی کی جانب سے مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم کی جانب سے علی خورشیدی نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نومنتخب اسپیکر سندھ اسمبلی اویس شاہ قادر نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق آج شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
شیڈول کے مطابق آج شام 6 بجے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی اور 7 بجے فہرست جاری کی جائے گی جب کہ کل (پیر) دوپہر دو بجے وزیراعلیٰ سندھ کا انتخاب ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے انتخابی شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی رکن اسمبلی غلام قادر چانڈیو نے جمع کرائے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے علی خورشیدی نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے اویس شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب
اس وقت سندھ اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری ہے جب کہ پی پی کے اویس شاہ 111 ووٹ لے کر اسپیکر سندھ اسمبلی منتخب ہو کر اپنے منصب پر فائز ہو چکے ہیں۔