14 فروری 2019 کو مودی سرکار نے منصوبہ بندی کے تحت جعلی پلوامہ ڈراما رچایا لیکن پاک فضائیہ نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 14 فروری 2019 کو مودی سرکار نے منصوبہ بندی کے تحت جعلی پلوامہ ڈرامہ رچایا اور مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارت نے خود اپنے 40 فوجی مروائے، جس کا حب روایت جھوٹا الزام پاکستان پر لگایا۔
26 فروری 2019 کو بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کے نام پر پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اور بھارتی طیارے بالا کوٹ کے گاؤں جابہ کے قریب بم پھینک کر فرار ہو گئے اور یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ انہوں نے دہشتگردوں کا ٹریننگ کیمپ تباہ کیا۔
بھارتی میڈیا جعلی اسٹرائیک میں کبھی دہشت گرد مارنے تو کبھی جعلی آڈیو چلاتا رہا تاہم بھارت کی اس جعلی اسٹرائیک کا بھانڈا پاکستان نے عالمی میڈیا کو موقع پر لے جا کر پھوڑ دیا۔
پاکستان نے رات کے اندھیرے میں حملے کا جواب دن کے اجالے میں دینےکا اعلان کیا۔ پاک فضائیہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور مختصر جھڑپ میں بھارتی طیارہ تباہ کیا جب کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فوج نے ہڑبونگ میں اپنا ہی ہیلی کاپٹر تباہ کر دیا۔
پاک فضائیہ کے ہاتھوں تباہ 2 بھارتی طیاروں میں سے ایک کا ملبہ بھارتی حدود میں گرا جب کہ دوسرا طیارہ پاکستان کی حدود میں گرا۔ پاکستانی حدود میں تباہ مگ 21 طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو زندہ گرفتار کیا گیا۔
اس واقعے پر بھارتی سیکریٹری خارجہ وجے گوکھلے نے پریس کانفرنس میں حقائق کے منافی دعویٰ کیا تاہم اپنے جھوٹے بیانیے اور دعوے پر بھارت کو عالمی سطح پر سبکی اٹھانا پڑی۔
بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو دو روز تک زیر حراست رکھنے کے بعد پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس بھیجا۔
27 فروری کا دن باور کراتا ہے کہ مملکت خداداد کے دفاع کیلیے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے۔