مصباح الحق کی تیز ترین ٹیسٹ سنچری کی دلچسپ حقیقت؟ اظہر علی کا انکشاف

سابق قومی کپتان مصباح الحق نے 2014 میں آسٹریلیا کیخلاف تیز ترین سنچری بنائی تھی اظہر علی نے 10 سال اس کی دلچسپ حقیقت آشکار کی ہے۔

سابق قومی کپتان مصباح الحق نے 2014 میں آسٹریلیا کیخلاف تیز ترین سنچری بنائی تھی اور مختصر ترین وقت میں صرف 56 گیندوں پر سنچری کی تھی۔ اس میچ میں مصباح کے بیٹنگ پارٹنر اظہر علی نے 10 سال بعد سنچری سے جڑی دلچسپ حقیقت سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

اے اسپورٹس کے پروگرام دی پویلین کے سیگمنٹ ’’آسک دی پویلین‘‘ میں مصباح الحق کی اس تاریخی تیز ترین سنچری سے متعلق سوال کیا گیا تھا جس کا اظہر علی کی جانب سے دیا جانے والا جواب ناظرین کو حیران کر گیا۔

اظہر علی نے کہا کہ مصباح جس وقت کریز پر آئے تو اس وقت میں 70 رنز پر کھیل رہا تھا اور میرا خیال تھا کہ یہ میری سنچری مکمل کرانے آئے ہیں جب کہ مجھے سنچری مکمل کرنے کے لیے 10 سے 11 اوور کا وقت دیا گیا تھا۔

اظہر نے آگے بتاتے ہوئے کہا کہ مصباح میری سنچری مکمل کرانے آئے تھے لیکن اپنی سنچری مکمل کر لی جب کہ میں نے اس سے اگلی گیند پر اپنی سنچری مکمل کی۔

اس موقع پر مصباح الحق نے کہا اس میچ میں میری سنچری جو ہوئی وہ صحیح ہے لیکن مجھے سیریز میں اسٹیو اسمتھ نے دو بار آؤٹ کیا تھا تو میری خواہش تھی کہ میں اس کو برابر کروں۔ اس میچ میں بھی وہ تیسری بار مجھے تقریباً آؤٹ کر ہی گیا تھا لیکن کیچ ڈراپ ہوا تو موقع ملنےکا بھرپور فائدہ اٹھایا اور دو اوورز میں چار پانچ چھکے مارے اور اپنا کام پورا کیا۔

 

مصباح جو میرا 100 ہوا سو ہوا لیکن جو اسٹیو اسمتھ نے دو بار مجھے آؤٹ کیا تھا میری خواہش تھی کہ میں اس کو برابر کروں۔ وہ تو تیسری بار بھی مجھے آؤٹ کر گیا تھا لیکن کیچ ڈراپ ہوا موقع ملا تو دو اوور میں میں نے چار چھکے مارے تھے۔ کام ہوگیا تھا میرا پورا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے اسٹار کرکٹر اور سابق کپتان نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی میں تیز ترین ٹیسٹ سنچری بنائی تھی جس پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے 2016 کے شمارے میں شامل کیا گیا تھا۔

مصباح الحق نے صرف 56 گیندوں پر تیز ترین سنچری داغی تھی جس کے ساتھ ہی وہ اسی میچ میں ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بھی بنے تھے۔