اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ ففتھ جنریشن والی دھاندلی ہوئی ہے، جس کے پاس پبلک مینڈیٹ نہیں ان کو ایوان میں بیٹھے کا کوئی حق نہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے بیرسٹر گوہر خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان میں صرف وہ لوگ جائیں جومینڈیٹ پر آئے ہیں، اس مرتبہ ففتھ جنریشن والی دھاندلی ہوئی ہے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ اصل مقصد تو یہ ہے کہ پارلیمان مضبوط ہو، پارلیمانی کی مضبوطی ہی جمہوریت کامقصد ہوتا ہے ، کسی کا مینڈیٹ چوری کر کے پارلیمان میں نہیں آنا چاہیے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ ایوان مقدس جگہ ہے ، ایوان میں وہ لوگ بیٹھ سکتے ہیں جو حقیقی نمائندے ہوتے ہیں ، جس کے پاس پبلک مینڈیٹ نہیں ان کو ایوان میں بیٹھے کا کوئی حق نہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے حوالے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ان شاللہ بہت جلد بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر ہوں گے۔