لاہور : امیر بالاج ٹیپو کے قتل کی تحقیقات کیلئے ایس پی آرگنائزڈ کرائم آفتاب پھلروان کی سربراہی میں 3 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، قتل کی تفتیش کیلئے 3 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
ٹیم کے سربراہ ایس پی آرگنائزڈ کرائم آفتاب پھلروان ہوں گے اور ایس پی انوسٹی گیشن صدر ڈاکٹر مستنصر عطا باجوہ اور ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم اقبال ٹاؤن محمد علی بٹ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امیر بالاج ٹیپو کے قریبی ساتھی سمیت 4افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گذشتہ روز پولیس پولیس نے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج قتل کیس میں اس کے دوست احسن شاہ سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
لاہور کی انو يسٹی گیشن ٹیم نے بتایا تھا کہ احسن شاہ کو امیر بلاج کی ریکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، احسن شاہ قتل کے وقت پاکستان میں موجود نہیں تھا اس نے سعودی عرب سے ملزمان کو ریکی دی تھی۔
سی آئی اے پولیس کا کہنا تھا کہ ملک سہیل نے احسن شاہ کی ملاقات طیفی بٹ سے کرائی تھی، بالاج کے دوست احسن شاہ کی طیفی بٹ سے 7سے 8 ملاقاتیں ہوچکی تھیں، وہ گاڑیاں بدل بدل کر طیفی بٹ سے ملتا تھا۔
سی آئی اے پولیس کے مطابق احسن شاہ نے مبینہ طور پر طیفی بٹ کو امیر بالاج کے شادی میں جانے کی اطلاع دی اور اسی نے بتایا گن مینوں کے پاس رائفلیں نہیں ہیں۔
دوسری جانب امیر بالاج کے گرفتار دوست احسن شاہ نے بیان میں کہا تھا کہ امیر بالاج ٹیپو کے قتل کی پلاننگ ایک ماہ قبل کی تھی۔
یاد رہے امیر بالاج ٹیپو کو سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جبکہ مقتول امیر بالاج ٹیپوکے محافظوں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی موقع پر مارا گیا تھا۔