بھارت میں ایئرپورٹ پر 80 سالہ مسافر کو ویل چیئر فراہم نہ کرنے پر سول ایوی ایشن نے ایئر انڈیا ایئرلائن پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 فروری کو عمر رسیدہ مسافر کی موت واقع ہوئی تھی جسے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارے میں سوار ہونے کیلیے ایئر انڈیا کی جانب سے ویل چیئر فراہم نہیں کی گئی تھی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایئر انڈیا کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور سات روز میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔
ایئر انڈیا کی جانب سے شوکاز نوٹس کا جواب دیا گیا جس کا جائزہ لینے کے بعد سول ایوی ایشن نے اس پر 30 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔
ایئرلائن کے مطابق ہلاک ہونے والے مسافر کی اہلیہ کو ویل چیئر فراہم کر دی تھی جبکہ انہوں نے اضافی ویل چیئر کا مطالبہ کیا تھا جس پر انہیں انتظار کرنے کی درخواست کی گئی تھی، مسافر نے انتظار کرنے کے بجائے چل کر طیارے میں سوار ہونے کی کوشش کی تھی۔
سول ایوی ایشن کے مطابق ایئر انڈیا نے ان اصولوں کی تعمیل نہیں کی جو خاص طور پر کیریج بذریعہ ہوائی جہاز – معذور افراد یا کم نقل و حرکت کرنے والے افراد سے متعلق ہیں۔