امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیشرفت

طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل

لاہور: امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں ملوث دوسرے حملہ آور کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جس کی شناخت ایاز کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزم ایاز حملہ آور مظفر کے ساتھ شادی میں پہنچا تھا، امیر بالاج ٹیپو پر حملہ کرنے کے لیے دو شوٹرز شادی میں موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو ملک سہیل اور علی شادی میں چھوڑ کر گئے، امیر بالاج ٹیپو کے قریبی دوست احسن شاہ نے طیفی بٹ کو مخبری کی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن شاہ اور طیفی بٹ کی ایک ماہ قبل ملاقات ہوئی تھی، احسن شاہ، طیفی بٹ میں مخبری کی پانچ کروڑ روپے میں ڈیل ہوئی تھی۔

احسن شاہ نے طیفی بٹ سے 50 لاکھ روپے وصول کرلیے تھے، امیر بالاج کے گھر کے افراد کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج قتل کیس میں اس کا دوست احسن شاہ ملوث نکلا تھا، پولیس نے احسن سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

خیال رہے کہ امیر بالاج ٹیپو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھا، شادی کی تقریب کے دوران وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کردی جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق امیر بالاج ٹیپو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول امیر بالاج ٹیپوکے محافظوں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی موقع پر مارا گیا تھا۔