ضلع کرک میں فورسز سے مقابلے میں 3 دہشتگرد ہلاک، 4 زخمی

ضلع کرک میں فورسز سے مقابلے میں 3 دہشتگرد ہلاک، 4 زخمی

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں مقابلے کے دوران تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرک میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 4 زخمی بھی ہوئے، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملے میں ملوث تھے۔ علاقے میں ممکنہ دوسرے دہشتگرد کے خاتمے کیلیے آپریشن جاری ہے۔

مقامی لوگوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پاک فوج سے بھرپور تعاون کا اظہار کیا اور آپریشن کو بھی سراہا۔

اس سے قبل دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔

ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے فورسز کا جوان زخمی ہوا تھا۔