بھارت میں ہسپانوی خاتون سیاح کا گینگ ریپ، ریچا چڈھا نے خاموشی توڑ دی

بھارت میں ہسپانوی خاتون سیاح کا گینگ ریپ، ریچا چڈھا نے خاموشی توڑ دی

ممبئی: بھارت میں اسپین سے تعلق رکھنے والی خاتون سیاح کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آنے کے بعد بالی وڈ اداکارہ ریچا چڈھا نے خاموشی توڑ دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطاب ریچا چڈھا نے اپنے سخت ردعمل میں بھارتی معاشرے پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے انتہائی شرمناک واقعہ ہے۔

ریچا چڈھا نے کہا کہ بھارتی شہری غیر ملکی خواتین کے ساتھ وہی سلوک کر رہے ہیں جیسا وہ اپنی عورتوں کے ساتھ کرتے ہیں، یہ ہمارے پوسیدہ معاشرے کیلیے انتہائی شرم کی بات ہے۔

گزشتہ روز بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ملزمان نے ہسپانوی خاتون سیاح کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ متاثرہ خاتون سیاح دنیا بھر میں اپنے شوہر کے ساتھ موٹرسائیکل پر سفر کیلیے مشہور ہیں۔

متعلقہ: ریچا چڈھا اور علی فضل کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع

28 سالہ متاثرہ خاتون اور اس کا شوہر دن کے وقت موٹرسائیکل پر سوار ہوئے تھے جب رات ہوئی تو شہر سے دور ایک پْرسکون جگہ پر خیمہ لگایا اور سو گئے۔

کچھ دیر بعد جب خاتون خیمے سے باہر آئی تو چھ سے سات لوگوں نے اسے پکڑ کر کچھ فاصلے پر لے جا کر زیادتی کی اور فرار ہوگئے۔

خاتون روتی ہوئی خیمے میں پہنچی اور شوہر کو واقعے سے متعلق بتایا۔ اس کے بعد دونوں نے بائیک پر 45 کلو میٹر کا سفر طے کیا اور دمکا میں پولیس کے پاس پہنچے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کو فوری طور پر سرایاہاٹ سی ایچ سی میں داخل کروایا گیا اور حکام کو آگاہ کر دیا گیا۔