پاکستان اورایران کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشتوں پردستخط

اسلام آباد: پاکستان اورایران نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے باہمی مفاہمت کی کئی یادداشتوں پردستخط کردئیے۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مشترکہ سرمایہ کاری کمیٹی،سمیڈا (سمال اینڈمیڈیم انٹر پرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ایرانی کی چھوٹی صنعتوں کے درمیان تعاون اور کراچی اور چاہ بہار پورٹ سے متعلق یادداشتوںپر دستخط کئے گئے۔

اس موقع پروفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے

وزیر اعظم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مضبوطی آرہی ہے۔ معیشت، ثقافت، سائنس اور ٹیکنا لوجی سمیت دو طرفہ باہمی تعاون کے امورمیں بہتری آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت بڑھانے کے بے بہا مواقع موجود ہیں۔

اس تقریب سے قبل ایران کے وزیربرائے معیشت و تجارت ڈاکٹرعلی طیب نیا نے وزیراعظم سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ڈاکٹر علی طیب نیا ان دنوں اسلام آباد میں منعقد ہونے والےپاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے انیسویں سیشن میں شرکت کے لئے پاکستان تشریف لائے ہوئے ہیں۔