دس سالہ بیٹی کے قتل کی ملزمہ ماں کی تصویر منظر عام پر آ گئی

برطانوی کاؤنٹی ویسٹ مڈلینڈز کے ایک قصبے راؤلی ریجس میں ایک 10 سالہ معصوم لڑکی شے کانگ کو پیر کی رات شدید زخمی حالت میں پایا گیا تھا، جسے بچایا نہیں جا سکا، پولیس نے اس کی ماں پر قتل کا الزام عائد کر دیا ہے، اور ماں کی تصویر پہلی بار منظر عام پر آئی ہے۔

مقامی پولیس نے شے کانگ کی 33 سالہ ماں جسکرت کور عرف جیسمن کانگ پر بیٹی کے قتل کا الزام لگایا ہے، شے کانگ نے رابن کلوز میں واقع اپنے گھر میں زخموں کے باعث دم توڑا تھا۔ شے کانگ کی ایک ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جس میں وہ اپنی دوستوں کے ہمراہ موجود ہے۔

پولیس نے جسکرت کور کو گزشتہ روز وولور ہیمپٹن مجسٹریٹس کی عدالت میں پیش کر دیا، تاہم ابھی اس سلسلے میں تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ دوسری طرف فوٹیج میں شے کانگ کو کھلونے کے ساتھ کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا کہ وہ شے کانگ کی گاڈ مدر ہیں، جس کے مرنے پر ان کا دل دکھ رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس خاندان کو کسی بھی طور پر جاننے والے افراد نے کئی جذباتی پوسٹس کی ہیں، ایک خاتون نے بتایا کہ انھوں نے اس ماں بیٹی کے ساتھ سمتھ وِک میں فلیٹ شیئر کیا تھا، اور اس طرح اس ننھی بچی کا دنیا سے چلے جانے پر وہ شدید غم زدہ ہیں۔

ماں کے ہاتھوں شدید زخمی بیٹی نے دم توڑ دیا

رپورٹس کے مطابق جسکرٹ کور نے عدالت میں پیش ہو کر اپنے نام اور تاریخ پیدائش کی تصدیق کی تھی، انھیں آج مزید سماعت کے لیے عدالت پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔