بھارت کی ریاست منی پور کے ضلع تھوبل میں نامعلوم افراد فوجی افسر کو سرِ عام گھر کے باہر سے اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔
انڈیا ٹودے کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ بھارتی فوج کے جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) کو گھر کے باہر سے جمعے کی صبح اغوا کیا گیا۔
کچھ نامعلوم افراد صبح 9 بجے فوجی افسر کونسن کھیڑا سنگھ کے گھر کے باہر پہنچے اور انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھا کر بآسانی فرار ہوئے۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ کونسن کھیڑا سنگھ کو بھتے کی رقم نہ دینے پر اغوا کیا گیا جبکہ ماضی ان کے خاندان کو بھی دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوجی افسر کی بازیابی کیلیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا اور اس سلسلے میں نیشنل ہائی وے پر ہر گاڑی کی تلاشی لی جا رہی ہے۔
کونسن کھیڑا سنگھ چھٹیوں پر تھے۔
چند روز قبل منی پور میں نامعلوم ملزمان نے پولیس افسر کو اغوا کیا تھا۔ تقریباً 200 مسلح افراد ان کے گھر میں داخل ہوئے تھے اور انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
اغوا کی وارداتیں منی پور میں بدامنی کے واقعات کے تناظر میں پیش آئی ہیں۔