الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کر دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ جاری کر دیا آصف زرداری 411 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کے 14 ویں صدر کے انتخاب کا حتمی نتیجہ الیکشن کمیشن نے جاری کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اس نتیجے میں حکومتی اتحاد کے آصف علی زرداری 411 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب  کہ سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی کو 181 ووٹ ملے۔

الیکشن کمیشن نے حتمی نتیجہ فارم 7 پر جاری کیا اور اس نتیجے کے مطابق صدارتی انتخاب میں ڈالے گئے کُل ووٹوں کی تعداد 1044 تھی جس میں سے 9 ووٹ مسترد ہوئے اور 1035 ووٹ درست قرار پائے۔

الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا حتمی نتیجہ وفاقی حکومت کوبھجوا دیا ہے۔

واضح رہے کہ نومنتخب صدر آصف علی زرداری کو چینی ہم منصب شی جن پنگ نے دوسری بار پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ کی آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

نومنتخب صدر زرداری آج شام اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔