’شاداب قومی ٹیم میں مڈل آرڈر مسائل کا حل ہے‘

پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ نے مڈل آرڈر میں پاکستان کے خدشات کو دور کرنے کے لیے شاداب خان کو بیٹنگ آل راؤنڈر کے طور پر استعمال کرنے میں اسٹریٹجک تبدیلی کا مشورہ دیا ہے۔

شاداب نے پی ایس ایل 9 کے جاری سیزن میں 145.54 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 278 رنز بنا کر اپنی بیٹنگ کی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اب تک ایونٹ میں تین نصف سنچریاں بنا لی ہیں۔

ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے حفیظ نے شاداب کی بلے بازی کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی تاکہ پاکستان کو مڈل آرڈر میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاداب واحد امید کے طور پر سامنے آیا ہے اور ہمیں اس کے اعتماد کو بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ بیٹنگ کی صلاحیتوں کے حامل ہے ہمیں اسے بنیادی طور پر بولنگ آل راؤنڈر کے بجائے ایک بیٹنگ آل راؤنڈر کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔

انہوں نے افتخار احمد کو چھوڑ کر پی ایس ایل میں مڈل آرڈر پرفارمرز کی کمی کی نشاندہی کی اور ان کا خیال ہے کہ شاداب اس مسئلے کا حل ہو سکتے ہیں۔