آئی ایم ایف کا جائزہ مشن کل پاکستان پہنچے گا

آئی ایم ایف پاکستان

اسلام آباد : عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن مذاکرات کے لیے کل رات پاکستان پہنچے گا، فریقین کے درمیان مذاکرات 4روز تک جاری رہیں گے، شیڈول تیار کرلیا گیا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن اور پاکستانی اقتصادی ٹیم کے درمیان4دن تک مذاکرات ہوں گے جو 14سے18مارچ تک جاری رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن وزارت خزانہ، وزارت توانائی، ایف بی آر حکام سے بات چیت کرے گا۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک حکام، پلاننگ کمیشن، پیٹرولیم ڈویژن سے بھی مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن اور اقتصادی ٹیم کے درمیان مذاکرات کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف مشن کے ساتھ نئے قرضہ پروگرام کے لیے بات چیت شروع ہوگی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ میں  اسحا ق ڈار کی بجائے  محمد اورنگزیب کو بطور وزیر خزانہ شامل کیا گیا ہے ،انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی کہا کہ ہم آئی ایم ایف سے مذاکرات کی درخواست کریں گے ،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ  آئی ایم ایف اسٹاف کے ساتھ یہ مذاکرات رواں ہفتے شروع ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ بلومبرگ نے محمد اورنگزیب کی بطور وزیر خزانہ تعیناتی کو پاکستان کی معیشت کے لیے مثبت قرار دیا ہے۔

بلومبرگ کے مطابق آئی ایم ایف سے 6 ارب قرضے کا حصول نئے وزیر خزانہ کے لیے پہلا چیلنج ہوگا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ شہباز شریف کو عالمی اداروں سے ڈیل کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ ان کی واپسی سے آئی ایم ایف ڈیل کا چانس بڑھ گیا ہے۔