سراج الحق نے اسحق ڈار کی پریس کانفرنس کو خوش آئند قرار دے دیا

کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کی طرف سے عمران خان کے ساتھ غیر مشروط اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مذاکرات کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت اورپاکستان تحریک انصاف کوفوری طور پر اپنی مذاکراتی ٹیموں کا اعلان کر کے جگہ اور وقت کا بھی تعین کر لینا چاہئے تاکہ مذاکرات بغیر کسی تاخیر کے شروع ہوسکیں ،سراج الحق نے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی پریس کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ،موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے حکومت کے پاس مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے ،جسے اختیار کرنے میں مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہئے ۔سراج الحق نے عمران خان کی طرف سے مذاکرات کے لیے آمادگی کے بیان کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ اب فریقین میں جلد مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔