پی ٹی آئی کا یورپی یونین سے جی ایس پی پلس واپس لینے کا مطالبہ پاکستان پر حملہ ہے، عطا تارڑ

عطا تارڑ

وزارت اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس واپس لینے کا مطالبہ پاکستان پر حملہ ہے، یہ حملہ معیشت تباہ کرنے کی اور عوام کی زندگی اجیرن بنانے کیلئے ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلومبرگ نے کل محمد اورنگزیب کو بہترین انتخاب قرار دیا، بلومبرگ نے وزیراعظم شہبازشریف کے تجربے کا بھی ذکر کیا، وزیراعظم اور محمد اورنگزیب کےتجربےسے فائدہ اٹھا کر معیشت کو بہتر بنایاجاسکتاہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کچھ سیاسی ایلیمنٹس معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور پہنچاتےرہےہیں، ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ ریاست اور پاکستان ہے تو ہم ہیں، اس ملک نے انشااللہ تاقیامت قائم رہنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ چند سیاسی عناصر سمجھتے ہیں اپنےمفادات کی خاطر ملکی معیشت کو نقصان پہنچائیں گے تویہ انکی بھول ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے یورپین یونین جانے کامکرو قدم اٹھایاہے ، یہ چاہتے ہیں جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لیاجائے کیونکہ بانی پی ٹی آئی کو سہولت نہیں دی جارہی۔

وزارت اطلاعات نے بتایا کہ پہلے بھی سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کی دو صوبائی وزرا کیساتھ فون کال سامنے آئی تھی، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں باہر سے سرمایہ آنا بند ہوجائے،معیشت بیٹھ جائے، انھوں نے پہلے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھا اور اب بھی انھوں نے لکھا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ریاست پاکستان کامفاد ہماری اولین ذمہ داری ہے، وزیراعظم دن میں تین سے چار میٹنگز صرف معیشت کی بہتری کیلئے کرتے ہیں، وزیراعظم کی پوری کوشش ہے معیشت ٹھیک ہو،مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ نیا ڈھونگ رچایا جارہاہے کہ ای یو پاکستان کا جی ایس پی پلس واپس لےلے، پاکستان کا جی ایس پی پلس ہے تو ایکسپورٹ میں اضافہ ،مہنگائی میں کمی آئیگی، یورپی یونین سے جی ایس پی پلس واپس لینے کا مطالبہ پاکستان پر حملہ ہے، یہ حملہ معیشت تباہ کرنے کی اور عوام کی زندگی اجیرن بنانے کیلئے ہے۔

وزارت اطلاعات نے بتایا کہ یہ مطالبہ اس لئے ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ان کی مطلوبہ سہولت میسر نہیں، محکمہ داخلہ پنجاب رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی جیل میں شاہانہ زندگی گزار رہےہیں ، بانی پی ٹی آئی کے پاس تین کمرے ، گیلری ،کچن بھی دستیاب ہے۔

جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جیل مینوئل کے مطابق قیدی کو ہفتے میں ایک ملاقات کی اجازت ہے، بانی پی ٹی آئی کو ہفتے میں چار بار ملاقاتوں کی اجازت تھی جبکہ پنجاب حکومت نے بتایا کہ جیل حکام ان کو کھانے پینے کی اشیا ان کی ڈیمانڈ پر دےرہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سیاسی لیڈر جب بھی جیل میں رہےہیں تو جیل مینوئل کے مطابق ہی سہولتیں دی جاتی تھیں، جیل میں ملاقاتوں پر جوپابندی لگائی گئی وہ صرف ایک جیل کیلئے نہیں، یہ جھوٹ کی بنیاد پر بیانیہ بنارہےہیں، جیل سے خود جاکر بھی چیک کرایا جاسکتاہے۔

ملاقاتوں پر پابندی سے متعلق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جیل میں ملاقاتوں پر جوپابندی لگائی گئی وہ صرف ایک جیل کیلئے نہیں، ڈی جی خان ، میانوالی اور اڈیالہ جیل کا آڈٹ ہورہاہے ، تخریب کاری کے خدشے کے پیش نظر پابندی کا فیصلہ کیاگیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ہم کہتے ہیں ملک کو مل کر آگے لیکر چلیں، یہ ایک بارپھر سائفر جیسی سازش کرنےکی کوشش کررہےہیں، پہلے آپ نے سائفر لہرایا پھر کہتے تھے کہ یہ جھوٹ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان شااللہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس قائم و دائم رہے گا، یہ بےبنیاد اور گھناؤنی سازش ہے کیونکہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو ہر سہولت میسرہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جیل میں شاہانہ لائف اسٹائل گزار رہےہیں مزید کوئی دقت ہے تو بتائیں، جیل کا بہت بڑا حصہ بانی پی ٹی آئی کے استعمال میں ہے ،آپ مزید سہولتیں چاہتے ہیں تو عدالتوں سے رجوع کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیخلاف یہ بے بنیاد مہم شروع کی گئی ہے، پی ٹی آئی کی سازش کو بےنقاب کرنا میں اپنی ذمہ داری سمجھتاہوں۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ چند جیلوں میں تخریب کاری کا خدشہ تھا اس لئے سیکیورٹی آڈٹ کنڈکٹ کرنا حکومتی ذمہ داری ہے، بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں کی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے۔