راولپنڈی: دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے مختلف مقامات پر ہنگامی فرضی مشقیں کی گئی جس میں رینجرز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس سمیت ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔
ہنگامی مشقیں آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کے احکامات پر کی گئیں۔ اڈیالہ جیل اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
جیل ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ جیل عملے کی بھی چھان بین جاری ہے، جیل کے اندر سگنل جام کرنے کے خصوصی آلات نصب ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور اس کا اطلاق دو ہفتوں کیلیے کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے احکامات کے بعد جیل انتظامیہ نے صحافیوں پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے اور اب وہ جیل کے گیٹ نمبر 5 یا اس کے قریب بھی نہیں جا سکتے اور نہ ہی کوئی کوریج کر سکتے ہیں۔
اس حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کا فیصلہ گزشتہ دنوں جیل پر ہونے والے دہشتگردی کے ناکام حملے ہیں جس میں تین دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا تھا، اس واقعے کے بعد سکیورٹی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔