کراچی: لوٹ مارمیں ملوث محافظ پولیس کے 5اہلکار گرفتار

کراچی: شہرِ قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے محافظ پولیس کے پانچ اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈیفنس کے علاقے سے پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔

کراچی کے علاقے سائیٹ ایریا میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے محافظ پولیس فورس کے پانچ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس کے مطابق خورشید نامی شہری نے سائٹ ایریا پولیس اسٹیشن میں درخواست دی کہ پولیس اہلکاروں نے اس سے تلاشی کے بہانے نقد رقم لوٹ لی، جس پر متعلقہ تھانے کے افسر موقع پر پہنچے، جہاں سائٹ ایریا غنی چورنگی کے قریب پولیس کی موبائل میں سوار پانچ اہلکار شہریوں کوتلاشی کے بہانے روک کر ان سے نقد رقم لوٹ رہے تھے۔

پانچوں اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے لوٹی ہوئی نقد رقم بھی برآمد ہوئی، گرفتار پولیس اہلکاروں میں تاج محمد ، محبوب علی ، تنویر اعجاز اور محبت خان شامل ہیں۔

دوسری جانب ڈیفنس کے علاقے میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکوؤں کو پولیس نے روکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے بعد دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیںم ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا جبکہ ڈاکس پولیس کی مچھر کالونی میں کاروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ، گرفتار ملزم کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔