سندھ کے شہر نوابشاہ میں زمین کے تنازع پر ڈاہری برادری کے دو گروپوں میں خونیں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
زمین کے تنازع پر خونیں تصادم کا یہ واقعہ نوابشاہ کے نواحی گاؤں حاجی واحد بخش ڈاہری میں پیش آیا جہاں ڈاہری برادری کے دو گروپ آپس میں جھگڑ پڑے اور یہ تصادم اتنا بڑا کہ گولیاں چل گئیں جس کے نتیجے میں 6 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔
اس حوالے سے تھانہ پبجو کے ایس ایچ او خالد حسین لاکھیر نے بتایا کہ جھگڑے کے واقعے میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق اور 6 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا ک واقعے میں جاں بحق ایک شخص کی لاش اور تمام زخمیوں کو پیپلز میڈیکل یونیورسٹی اسپتال جب کہ دیگر پانچ لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جب کہ مزید کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری وہاں تعینات کر دی گئی ہے۔