کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ کراچی میں تحریک ِ انصاف کے دھرنوں میں حاضری توقع سے انتہائی کم رہی۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صبح سے شہر کی سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی تھی، انہوں نے اس امرپرافسوس کا اظہارکیا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے عوام کی بڑی تعداد میں توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے بیشتر مقامات پر دھرنوں میں شرکاء کی تعداد پچاس سے سو تک تھی۔
پیپلز پارٹی کی رہنماء کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص پنجاب اورسندھ کی حکومتوں کا فرق واضح محسوس کرسکتا ہے۔ سندھ پولیس نے پی ٹی آئی کو مکمل تحفظ فراہم کیا جس کے باعث کراچی جیسے حساس شہر میں پنجاب کی طرز کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔
شرمیلا نے گفتگو کے دوران کہا کہ سندھ حکومت نے سیاسی بردباری اورتحمل کاشاندار مظاہرہ کیا ہے۔