پولیس کے ہاتھوں گرفتار ’فیصل ملا‘ کا تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات

را کا ایجنٹ

کراچی: ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے ہاتھوں گرفتار گینگ وار کمانڈر فیصل ملا نے تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وار کا کمانڈر فیصل ملا کے انکشافات پر مبنی ویڈیو بیان سامنے آگیا جس میں ملزم نے اعتراف کیا کہ میرا تعلق لیاری گینگ وار وصی اللہ لاکھو گروپ سے ہے، میں وصی اللہ لاکھو اور ایاز زہری کا مین کمانڈر تھا۔

فیصل ملا نے بیان میں کہا کہ وصی اللہ لاکھو اور ایاز زہری کے حکم پربھتہ خوری اور فرقہ وارانہ قتل کیے، ایاز زہری نے کاغذی بازار میں خوف وہراس پھیلانے کا ٹاسک دیا تھا اور کہا گیا کہ کریکر حملہ اور فائرنگ کرنی ہے، کچھ لوگ زخمی کرنے ہیں۔

کراچی : لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈر فیصل ملا گرفتار

فیصل ملا نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ سکندر بازار ڈوپٹہ گلی میں کریکر حملہ کیا اور بھتہ وصول کیا، میٹھا در میں چائے پتی کی دکان پر فائرنگ کی اوربھتہ وصول کیا، کھارا در اللہ رکھا پارک کے قریب فائرنگ کر کے متعدد افراد کو قتل اور زخمی کیا۔

فیصل ملا نے کہا کہ خوف و ہراس پھیلا کر کھارادر سے کافی بھتہ وصولی کیا، اورنگی ٹاؤن میٹروول میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا کام ملا تھا، ایران سے سفید داڑھی اور ٹوپی پہنے مولاناکی تصویر بھیجی گئی تھی، مسجد جاکر خود تصدیق کی، شوٹر اشفاق اور منور کو بلایا، اسی مسجد میں نماز پڑھی، مولانا کے ساتھ باہر نکلا اور اسے قتل کردیا، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے 7 لاکھ روپے ملے تھے۔

فیصل ملا نے بتایا کہ نورانی کباب کے قریب ساجد بکی کے گھر پر فائرنگ کروائی، ساجد بکی سے بھتہ بھی وصول کیا، کھارادر بونڈ مارکیٹ میں کریکر حملہ فائرنگ کر کے کئی افراد کو زخمی کیا، عباس ٹاؤن میں شراب کی دکان پر فائرنگ کر کے شوٹرز نے 3 افراد کو قتل کیا۔

ملزم نے مزید بتایا کہ کھارادر میں اقبال ادا سے بھتہ وصولی کے لیے پلاٹ پر دستی بم مارا، اس کے بعد وصی اللہ لاکھو اور ایاز زہری اس سے بھتہ لیتے رہے۔