امپائرکے فیصلے پراظہارناراضگی، مصباح الحق پرجرمانہ

شارجہ : آئی سی سی نے قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پر میچ کی فیس کا پندرہ فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

شارجہ میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے آؤٹ ہونے کے بعد امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ مصباح الحق نے امپائر کے فیصلے کو چلینج کیا تاہم تھرڈ امپائر نے بھی مصباح الحق کو آؤٹ قرار دیا۔

میچ کے بعد ہونے والی سماعت میں میچ ریفری نے قومی کپتان کو کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے میچ فیس کاپندرہ فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

ادھرکیوی فاسٹ بولرایڈم ملنے کو میچ ریفری نے وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔ ملنے نے آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد غیرذمہ دارنہ رویہ اختیار کیا تھا۔