شیر افضل مروت نے پارٹی فوکل پرسنز کی تعیناتی کو سازش قرار دے دیا

شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے پارٹی فوکل پرسنز کی تعیناتی کو سازش قرار دے دیا۔

شیر افضل مروت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہفتے میں چھ افراد اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر سکتے ہیں، کیا چھ ہی فوکل پرسن ہوں گے؟

انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کا اجلاس شروع ہوتا ہے تو بریکنگ نیوز چل جاتی ہیں، منظم طریقے سے لوگ شامل ہوئے ہیں، مجھے بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر دوستوں کو وہ کرنا ہے تو آئیں اور شامل ہو جائیں۔

دو روز قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کیلیے فوکل پرسنز کی ٹیم تبدیل کی گئی تھی جس میں سے بیرسٹر عمیر نیازی اور شیر افضل مروت کو نکال دیا گیا تھا۔

نئے فوکل پرسنز میں عمر ایوب، بیرسٹر علی ظفر،شبلی فراز اور بیرسٹر گوہر خان شامل ہیں۔ پی ٹی آئی قیادت نے اس متعلق جیل انتظامیہ کو آگاہ کر دیا تھا۔

آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ جو خط ججز کو ملے یہ بہت ہی لمحہ فکریہ ہے، دھمکی آمیز خطوط میں پہلے پتا چلا انتھریکس ہے اور اب پتا چلا کوئی اور پاؤڈر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف دھمکی آمیز خطوط کو لمحہ فکریہ کہہ رہے ہیں پر ججز خط پر خاموش ہیں، وزیر اعظم ہونے کے ناطے عوام کو بتائیں ہائی کورٹ کے ججز خط لکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سائفر کیس کی سماعت بھی 16 تک ملتوی ہوگئی قوم فیصلے کی منتظر ہے، سازشیں چھوڑیں آگے بڑھیں یہ رمضان کا مہینہ ہے۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ عید اڈیالہ جیل میں ہوگی عید ہے ہی اڈیالہ کی، کوشش ہوگی عید پر بانی پی ٹی آئی کو گلے لگائیں۔