ہنی ٹریپ کرکے بھتہ لینے والے 2 پولیس افسران اوردیگرکیخلاف مقدمہ

پیرمحل : شہری سے 45لاکھ 20ہزار روپے بھتہ وصول کرنے والے پولیس افسران قانون کی گرفت میں آگئے، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیرمحل کے علاقے میں ہنی ٹریپ کے ذریعے بھتہ وصول کرنے والے2ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے محمد خالد کے مطابق ہنی ٹریپ اور بلیک میل کرکے بھتہ وصول کرنے والوں کیخلاف عثمان منیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ہنی ٹریپ مقدمے میں ایک لڑکی سمیت 14افراد نامزد کیے گئے ہیں، پولیس افسران، لڑکی سمیت 11نامزد اور 3 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ مذکورہ ملزمان نے شہری سے 45لاکھ 20ہزار روپے بھتہ لیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ایک لڑکی کے ذریعے ہنی ٹریپ اور بلیک میل کرکے بھتہ وصول کیا گیا، سب انسپکٹر سابق ایس ایچ او ابتسام الحق، ایس ایچ او تھانہ اروتی رضوان ودیگر نامزد ہیں۔

مدعی عثمان منیر کا کہنا ہے کہ بیوی کا زیور اور گاڑی بیچ کر مختلف اوقات میں 45 لاکھ 20 ہزار روپے بھتہ دے چکا ہوں۔نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس افسران کچھ نام نہاد صحافیوں اور لڑکیوں پر مشتمل ایک گروہ ہنی ٹریپ کرتا تھا، ان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ شہری کو خود کال کرکے اسے اپنے چنگل میں پھنسا کر کسی سنسان مقام پر بلاتے تھے۔

ملزمان متاثرہ شخص کو ایف آئی آر درج کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کیا کرتے اور بھاری رقم طلب کیا کرتے تھے۔