کراچی: وزیر اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ اسٹریٹ کرائم پر جلد از جلد قابو پالیا جائے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کوئی بھی نہیں چاہے گا کہ اس کی حکومت میں امن و امان کا مسئلہ ہو، بدقسمتی سے اسٹریٹ کرائم کا سلسلہ پورے ملک میں بڑھا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ نئے وزیر داخلہ اور نئے آئی جی بہت محنت کر رہے ہیں، میں نہیں سمجھتا سندھ حکومت کو وفاق کے مدد کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی بڑا شہر ہے اور غیر قانونی تارکین وطن بہت بڑا مسئلہ ہیں، زیادہ تر واقعات میں غیر قانونی تارکین وطن ملوث پائے گئے ہیں، کوشش ہے غیر قانونی تارکین وطن کو جلد واپس بھیجا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی منصوبے کیلیے ساڑھے 5 ارب رلیز کر دیے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز دونوں محنت کر رہے ہیں اور دونوں کو یکساں اختیارات ہیں۔
اس سے قبل وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقی سندھ ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے ہر صورت امن بحال کیا جائے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو امن بحالی کی ہدایات دی ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا تھا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز ٹارگٹڈ آپریشن کر رہے ہیں، شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی بھی ہو رہی ہے، سندھ میں ایسے پولیس افسران کی ضرورت ہے اور تھی جو صورتحال کو سمجھتے ہوں۔
انہوں نے کہا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کیلیے پاک فوج سے بھی سپورٹ حاصل کریں گے، رینجرز اب بھی کراچی میں پولیس کے ساتھ کام کر رہی ہے۔