مجھے تو سب سے پیار ملا، مومنہ اقبال

مومنہ اقبال

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں مجھے تو سب سے پیار ملا ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں اداکارہ مومنہ اقبال نے شرکت کی اس موقع پر سینئر اداکار جاوید شیخ، ہدایت کار یاسر نواز اور فیصل قریشی بھی موجود تھے۔

میزبان ندا یاسر نے پوچھا کہ سینئرز کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟

مومنہ اقبال نے بتایا کہ جب سینئر اداکاروں کے ساتھ کام کررہی ہوتی ہوں تو تھوڑی نروس ہوجاتی ہوں مگر میں نے ڈرامہ سیریل ’سمجھوتہ‘ میں جاوید شیخ سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگ شوٹنگ میں بہت جلدی جلدی کرتے ہیں کہ ہم تھک گئے ہیں اور اب سے شوٹنگ نہیں ہورہی لیکن جاوید شیخ کو میں نے پرسکون دیکھا، وہ سین ایسا تھا کہ میں نروس ہوگئی تھی اور انہیں سیڑھیوں سے اتر کر آنا تھا اور مجھ پر چیخنا تھا کہ یہ میری بیوی کی چیزیں ہیں اسے تم نے کیسے ہاتھ لگایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ یہ سین مجھ سے پہلی بار نہیں ہوا جب وہ چیخ رہے تھے تو میں ان کی اداکاری دیکھ رہی تھی اور سین میں نہیں تھی تو وہ سین انہوں نے دوبارہ کیا اور کہا کہ کوئی بات نہیں دوبارہ کرلوں گا۔

مومنہ اقبال کہنے لگیں کہ ورنہ سینئرز کہتے ہیں کہ کیوں میں اس کی وجہ سے دوبارہ سین کروں، یہ کہنا تھا کہ فیصل قریشی نے انہیں روکتے ہوئے بولا کہ ارے کوئی سینئرز نہیں کہتا خواہ مخواہ الزام مت لگائیں آج کل تو جونیئرز سلام نہیں کرتے۔

ندا یاسر کہنے لگیں کہ نہیں ڈر ہوتا ہوگا کہ میری وجہ سے انہیں ڈبل محنت نہ کرنا پڑے اس پر مومنہ اقبال نے کہا کہ نہیں مجھے تو سب سے پیار ملا ہے جھوٹ نہیں بول رہی۔