واشنگٹن : وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے فوری معاہدہ چاہتا ہے، امید ہے جلد نیا معاہدہ ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے امریکی تھنک ٹینک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ابھی آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا ہے اور اس پروگرام کی شکلوں پر اتفاق اور عمل درآمد ہونا باقی ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ایک بڑے بیل آؤٹ پیکج کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ پاکستان کی معیشت کو بحال کیا جا سکے، امید ہے جلد نیا معاہدہ ہوجائے گا۔
محمداورنگزیب نے بتایا کہ ایف بی آر اور ٹیکس کلیکشن نظام میں ضروری اصلاحات کی جارہی ہیں، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد پر آئی ایم ایف مشن سے مذاکرات تعمیری رہے، معاشی پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے، ہمیں اسٹرکچرل اصلاحات کے لیے 2 سے 3 سال لگیں گے۔
وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ ٹیکس نظام میں ٹیکنالوجی کےاستعمال پرغور جاری ہے، ٹیکس نظام میں شفافیت کیلئے ڈیجیٹیلائزیشن ضروری ہے، ہمیں اپنے اخراجات کوکم کرناہوگا۔
محمداورنگزیب کا کہنا تھا کہ انفرااسٹرکچرکی بہتری کیلئے کچھ صوبوں نےبہترین کام کیا، پبلک پرائیویٹ منصوبوں سے استحکام لایا جاسکتا ہے، ہمیں پہلے سے موجود پالیسیوں پرعملدرآمد کرانا ہے۔
انھوں نے زور دیا کہ ہمیں ون ونڈوآپریشن فعال کرنا ہے اور غیرملکی اورمقامی سرمایہ کاری کیلئےسازگاری ماحول پیداکرناہوگا،آئی ٹی اورزراعت کےشعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔