رمضان المبارک میں کتنے کروڑ افراد نے عمرہ ادا کیا؟

رواں سال رمضان المبارک میں عمرہ ادا کرنے والے افراد کی تعداد 3 کروڑ رہی جن کا تعلق دنیا کے مختلف ممالک سے تھا۔

عمرہ سیزن یوں تو سارا سال جاری رہتا ہے مگر رمضان المبارک میں جہاں مسلمانوں میں عبادت کا ذوق وشوق بڑھتا ہے وہیں انہیں اللہ کے گھر کی زیارت کی خواہش بھی بڑھ جاتی ہے جس کے لیے دنیا بھر سے مسلمانوں عام دنوں کے مقابلے میں رمضان المبارک میں کثیر تعداد میں حرمین شریفین آتے ہیں اور عمرے کی سعادت کے ساتھ روضہ رسول ﷺ کی زیارت سے فیضیاب ہوتے ہیں۔

حالیہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے تین کروڑ کے لگ بھگ زائرین نے عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔

اس حوالے سے حرمین شریفین سے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کرنے والے اکاؤنٹ انسائیڈ دی حرمین نے ایکس پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک 1445 ھ، 2024 کے دوران تین کروڑ زائرین نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔

اسکرین گریب/ایکس

دونوں مقامات مقدسہ پر زائرین کی تعداد طاق راتوں بالخصوص 27 ویں شب اور 29 ویں شب کو اپنے عروج پر پہنچی تھی جب صرف مسجد الحرام میں 25 لاکھ نمازی موجود تھے۔

واضح رہے کہ رواں سال رمضان المبارک میں زائرین کی کثیر تعداد کو بہم سہولیات پہنچانے کے لیے سعودی حکومت نے رمضان میں ایک سے زائد عمرے پر پابندی بھی لگا دی تھی۔

اسی طرح مسلمانوں کے دوسرے مقدس ترین مقام، مسجد نبوی ﷺ کے انچارج سعودی ریاستی ادارے نے ایک ایپلیکیشن متعارف کرائی تھی تاکہ نمازی باآسانی مسجد تک پہنچ سکیں۔