مودی کی سیکیورٹی نے نوجوان کی جان لے لی

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سیکیورٹی کے لیے لگائی جانے والی رسی نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کی جان لے لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی جو لوک سبھا کے انتخابات کے سلسلے میں ان دنوں ملک بھر کے دورے پر ہیں۔ گزشتہ روز جنوبی ہندوستان میں کیرالہ کے دورے کے موقع پر ان کی سیکیورٹی کے لیے لگائی جانے والی رسی نوجوان کے لیے موت کا پھندا ثابت ہوئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کو کوچی شہر میں وزیراعظم نریندر مودی کی سیکیورٹی کے لیے رسی لگائی گئی تھی۔ رات ساڑھے 10 بجے وہاں سے گزرنے والے منوج نامی موٹر سائیکل سوار نوجوان اس سے ٹکرا گیا جس کو قریبی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

متوفی ودوتھلا کے علاقے کا رہائشی بتایا جاتا ہے اور اس کے خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم مودی کی سیکیورٹی کے لیے رسی لگائی گئی تھی جس کو ہٹایا نہیں گیا اور رات کے وقت رسی نظر نہ آنے کی وجہ سے ان کے بیٹے کی جان چلی گئی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر کیرالہ میں بعض مقامات پر سیکوریٹی انتظامات کے طور پر رسیاں لگائی گئی تھیں۔