مہنگائی کے ستائے عوام کیلیے بُری خبر!

بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا گیا

اسلام آباد: مہنگائی کے ستائے عوام کیلیے بُری خبر یہ ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب بجلی مہنگی کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی 2 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائر کر دی، درخواست مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کروائی گئی۔

درخواست پر سماعت کی تاریخ مقرر کی جائے گی، بعدازاں نیپرا فیول ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کرے گا۔

گزشتہ ہفتے نیپرا کی جانب سے ایک ماہ کیلیے بجلی 4 روپے 92 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

یہ اضافہ فروری کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا جس کا اطلاق لائف لائن اور کے-الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوا۔ صارفین کو اپریل کے بجلی بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا پڑیں۔

اپریل کے بلزمیں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا صارفین پر تقریباً 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔

بجلی چوری کے خاتمے کیلیے ڈیڈ لائن

وفاقی وزیر اویس لغاری نے بجلی چوری کے خاتمے کیلیے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے اور کہا ہے کہ تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا سراغ لگا کر سدباب کریں۔

اویس لغاری نے تمام ڈسکوز کے چیئرمین اور سی ای اوز کو بجلی چوری کے خاتمہ کیلیے ہدایات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجلی چوری کے خلاف کی جانے والی کوششیں ناکافی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ڈیٹا بجلی چوری کے اصل نقصانات کے اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا، تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا سراغ لگا کر سدباب کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس ایز، ایکسنز، ایس ڈی اوز، متعلقہ فیلڈ اسٹاف کو اپنےعلاقوں میں چوری نہ ہونے کاسرٹیفکیٹ دینا ہوگا، تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز ان سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کر کے وزارت میں جمع کرائیں گے۔